بھٹکل 9 ستمبر (ایس او نیوز) بارش کے پانی کی نکاسی کےلئے مخدوم کالونی میں جو نالے بنائے گئے ہیں، کئی گھروں کے لوگ اُسی نالے میں گھٹر کا پانی چھوڑ رہے ہیں جس سے علاقے کے کنویں خراب ہورہے ہیں اور پینے کے پانی کے لئے عوام کو سخت دشواری پیش آرہی ہے۔ اس بات کی شکایت میونسپل حکام کی مخدوم کالونی کے ذمہ داران کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں سامنے آئی۔ علاقہ کے ذمہ داران نے میونسپل حکام پر زور دیا کہ وہ گھٹر کا پانی نالوں میں بہانے پر روک لگانے کے لئے مناسب اقدامات کرے۔
حسب اطلاع آج بدھ کو وارد نمبر 3، 4، 8 اور 9 کے عوام کے لئے میونسپل حکام نے مخدوم کالونی کے فاطمہ علی ہال میں عوامی مسائل کو جاننے اور اسے حل کرنے کی کوشش کرنے کے لئے میٹنگ کا انعقاد کیا تھا جس میں شاہین اسپورٹس سینٹر، الہلال اسپورٹس سینٹر، جماعت المسلمین مخدوم کالونی اور سوپر اسٹار اسپورٹس سینٹر کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔ ذمہ داران نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ میونسپالٹی کی طرف سے ہر روز ایک گھنٹہ پانی چھوڑا جاتا ہے، مگر پانی کے بل کی رقم ہر گھر میں الگ الگ ہوتی ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ جب ایک ہی گھنٹہ پانی دیا جاتا ہے تو پھر پانی بل کسی کو زیادہ اور کسی کو کم کیوں ؟ ذمہ داران نے علاقہ میں سڑکوں کی خستہ حالی، اسٹریٹ لائٹوں کی درستگی ، صاف صفائی سمیت کئی دیگر مسائل بیان کئے۔ ذمہ داران نے بتایا کہ میونسپالٹی کی طرف سے جن گھروں سے کچروں کو اُٹھایا نہیں جاتا، اُن گھروں کے افراد اپنے کچروں کو قریبی گڈھے میں پھینک دیتے ہیں جس سے گندگی پھیل رہی ہے، اسی طرح سڑکوں کی مرمت کے بعد میونسپل ملازمین سڑک کے اطراف واقع نالوں میں ہی مٹی پھینک دیتے ہیں جس سے نالے بند ہوجاتے ہیں اور بارش کے پانی کی نکاسی رُک جاتی ہے۔ ذمہ داران نے بتایا کہ میونسپل انتخابات ہوئے ڈیڑھ سال کا عرصہ ہوچکا ہے، مگر عہدیداران کا انتخاب نہ ہونے پر علاقہ میں ترقیاتی کام ٹھپ پڑا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 10 ستمبر کو چن پٹن ہنومنتھ دیوستھان کے میٹنگ ہال میں وارڈ نمبر 15، 19، 22، 23 کے عوام کے لئے ، 11 ستمبر کو لبیک نوائط اسپورٹس کلب میں وارڈ نمبر 12، 14 اور 18 کے عوام کے لئے، 14 ستمبر کو سونارکیری میٹنگ ہال میں وارڈ نمبر 10 اور 11 کے عوام کے لئے، 15 ستمبر کو بندر روڈ سکینڈ کراس میں واقع گونڈا میٹنگ ہال میں وارڈ نمبر 5 اور 6 کے عوام کے لئے، 16 ستمبر کو شوکت علی روڈ اسپورٹس کلب میں وارڈ نمبر 20 اور 21 کے عوام کے لئے، 18 ستمبر کو ناگپا نائک روڈ میں وارڈ نمبر 7 کے عوام کے لئے اوروارڈ نمبر 16 کے عوام کے لئے 19 ستمبر کو تکیہ اسٹریٹ میں عوامی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔تمام جگہوں پر شام چار بجے میٹنگ شروع ہوگی۔ متعلقہ علاقوں کے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں منعقد ہونے والی میٹنگوں میں شریک ہوتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل حکام کے سامنے پیش کریں۔
میونسپالٹی کی طرف سے میونسپل چیف آفسر دیوراج، ہیلتھ آفسر سوجیا سومن، وینو گوپال شاستری سمیت دیگر کئی آفسران موجود تھے۔ میونسپل کونسلرس اسماعیل اِمشاد مختصر، شبینہ شینگیری، پریا فرنانڈیز اور پاسکل گومس بھی موجود تھے۔